اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کے اہم ذرائع نے نوازشریف کے سعودی عرب کے ایک روزہ دورے کی تصدیق کی ہے، تاہم حکومت کی جانب سے اب تک مذکورہ دورے کا سرکاری اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم نواز شریف سعودی قیادت سے یمن کشیدگی میں پاکستان کے تعاون اور دیگر امور پر بات چیت کریں گے۔
نواز شریف کی جانب سے دو ماہ کے دوران یہ ان کا سعودی عرب کا دوسرا دورہ ہوگا۔
وزیراعظم پاکستان نے3 مارچ کو کیے جانے والے اپنے گذشتہ سعودی دورے کے موقع پر دفاع میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
اس دورے میں وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے کیے جانے والی دفاعی تعاون کے عزم کو سعودی قیادت نے یمن میں حوثیوں کے خلاف بننے والے 10 خلیجی ممالک کے اتحاد میں شامل ہونے سے تصور کیا۔
تاہم پاکستان کی جانب سے بعد ازاں یمن میں فوجی دستوں کو سعودی عرب نہ بھیجنے کے اعلان نے عرب رہنماوں کو ناراض کردیا تھا۔
وزیر اعظم نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب اور اپنے بھائی شہباز شریف کی سربراہی میں ایک خصوصی وفد کو گزشتہ ہفتے سعودی عرب روانہ کیا تھا تاکہ وہ سعودی قیادت کو پاکستانی موقف کے حوالے سے مطمئن کرسکیں۔
صدر پاکستان کا ترکی کا دورہ
دوسری جانب پاکستان کے صدر ممنون حسین آج بروز بدھ ترکی کے 4 روزہ دورے کے لیے اسلام آباد سے روانہ ہونگے۔
صدارتی ترجمان حسین کے مطابق صدر پاکستان ترکی کے ہم منصب صدر طیب اردگان کی دعوت پر ترکی جارہے ہیں جہاں وہ ترکی میں ہونے والی کنک کالے جنگ کی ایک صدی مکمل ہونے پر منعقدہ تقریبات میں شرکت کریں گے۔
صدر ممنون حسین ترکی میں اپنے ہم منصب طیب اردگان سے دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
.......
/169