اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کے روز تہران میں الجزائر کے نئے سفیر عبدالمنعم احریز کی سفارتی اسناد وصول کرنے کے بعد علاقے کے ممالک میں دہشت گردی کے مسئلے اور سیاسی محاذ آرائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ لیبیا، شام اور یمن میں مسائل فوجی طریقے سے حل نہیں ہوں گے-
انھوں نے کہا کہ یمن میں بےگناہ لوگ، عورتیں اور بچے مارے جا رہے ہیں اور اس ملک کی بہت سی بنیادی اور اقتصادی تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا ہے اور ان حالات میں علاقے کے بعض ممالک نے جھڑپوں کو روکنے اور علاقے میں قیام امن کے لیے اتحاد بنانے کے بجائے افسوس علاقے پر بمباری کے لیے اتحاد تشکیل دیا ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح گزشتہ برسوں کے دوران ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں الجزائر کے موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کا اس سلسلے میں یکساں نقطہ نظر ہے کہ تمام ممالک این پی ٹی معاہدے کے تحت پرامن ایٹمی توانائی حاصل کر سکتے ہیں اور علاقے کو عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک ہونا چاہیے-
تہران میں الجزائر کے نئے سفیر نے بھی رہبرانقلاب اسلامی، صدر مملکت اورایران کی حکومت، قوم اوردیگراعلی حکام کو اپنے ملک کے صدر کا سلام پہنچاتے ہوئے ایران کے ساتھ تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے پر زور دیا-
.......
/169