17 اپریل 2015 - 03:03
جدہ واقعہ کے ذمہ داروں کو سخت سزا دیں گے: سعود الفیصل

سعودی عرب کے وزیر خارجہ سعود الفیصل نے ریاض میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر حسین صادقی سے ملاقات میں یقین دلایا ہے کہ جدہ ایئرپورٹ واقعہ میں ملوث افراد کو جلد از جلد سخت سزا دی جائے گی-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں ایران کے سفیر نے بدھ کے روز سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل سے ملاقات کی اور جدہ ایئر پورٹ پر دو نوعمر ایرانی عمرہ گزاروں کے ساتھ سعودی حکام کی زیادتی سمیت دو طرفہ اور علاقائی مسائل کے بارے میں بات چیت کی-

ایرانی سفیر حسین صادقی نے جدہ ایئرپورٹ کے واقعہ اور اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ اس سے ملت ایران کے جذبات و احساسات مجروح ہوئے ہیں، واقعہ کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا-
انھوں نے اسی طرح علاقے کے حالات اور یمن کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایران کے موقف اور نقطہ نظر کی وضاحت کی اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران یمن میں جنگ اور خونریزی جاری رہنے کو علاقے اور اسلامی ملکوں کے مفاد میں نہیں سمجھتا اور اس کا خیال ہے کہ غیرملکی طاقتیں اور عالم اسلام کے بدخواہ، اسلامی ملکوں کے درمیان اختلافات میں اضافے سے فائدہ اٹھائیں گے لہذا ایران یمن میں فوری جنگ بندی کے اعلان اور یمن کی مظلوم اور ستم رسیدہ قوم کو انسان دوستانہ امداد بھیجنے کا خواہاں ہے-

سعودی عرب کے وزیر خارجہ سعود الفیصل نے بھی اس ملاقات میں جدہ ایئرپورٹ کے واقعہ کے بارے میں اطمینان دلایا کہ سعودی عرب جلد از جلد اس واقعہ کے ذمہ دار افراد کو سخت ترین سزا دے گا-
سعود الفیصل نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران کو خاص اہمیت دیتے ہیں، دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں ایک نیا باب کھولنے کی خواہش ظاہر کی-
گزشتہ دو ہفتے کے دوران سعود الفیصل سعودی عرب کے تیسرے اعلی عہدیدار ہیں کہ جنھوں نے ایرانی سفیر سے ملاقات کر کے جدہ ایئر پورٹ واقعہ میں ملوث افراد کو جلد از جلد سخت ترین سزا دینے کے بارے میں اظہار خیال کیا ہے-

.......

/169