14 اپریل 2015 - 14:45
ماسکو میں پوتن شمخانی ملاقات، باہمی تعاون میں فروغ پر تاکید

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے اپنے دورہ ماسکو میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات میں مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے ماسکو کے دورے پر ہیں- روسی صدر سے ہونے والی اس ملاقات میں فریقین نے مختلف مسائل خاص طور سے دو طرفہ تعلقات کے بارے میں گفتگو کی- اس ملاقات میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ ایران کو "ایس تین سو " دفاعی میزائل کی فراہمی سے علاقائی استحکام کو فروغ دینے میں مدد ملے گی-
روسی صدر نے عالمی سطح پر ایران کی مفاہمت کی پالیسی کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایران کے قریبی تعاون سے اہم اقدامات عمل میں لائے جانے کی راہ ہموار ہوئی ہے- اس ملاقات میں ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے بھی علاقائی و عالمی سیاسی تبدیلیوں میں روس کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران کو "ایس تین سو " میزائل کی فراہمی پر پابندی ختم کئے جانے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور زیادہ فروغ پائےگا- انھوں نے یمن پر فوجی حملے اور اس حملے میں بے گناہوں خاص طور سے عورتوں اور بچوں کے قتل عام کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا ایک واضح نمونہ قرار دیا- علی شمخانی نے کہا کہ اس قسم کے جارحانہ اقدامات اور مذاکرات کے بجائے تشدد کا راستہ اختیار کئے جانے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوسکتا اس لئے کہ افغانستان، عراق اور شام میں تشدد کا راستہ اختیار کرکے تلخ تجربہ کیا جاچکا ہے-

.......

/169