اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ مجلس شوائے اسلامی کی پریزائیڈنگ کمیٹی کے رکن حسین سبحانی نیا نے پارلیمنٹ نیوز سے گفتگو میں امریکی وزیر خارجہ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان یقینا حقیقت کے برخلاف ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران ہرگز اس طرح کے مطالبات کو تسلیم نہیں کرے گا- واضح رہے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے فوجی مراکز کے معائنے پر زور دیتا ہے اور اپنے اس مطالبے پر اصرار کرتا رہے گا- سبحانی نیا نے کہا کہ اس میں کسی طرح کا شک نہیں ہے کہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مذاکرات صرف ایٹمی معاملے پر ہیں اور ان میں دوسرے مسائل جیسے ایران کی میزائلی توانائیاں یا دیگر فوجی مسائل شامل نہیں ہیں- انہوں نے کہا کہ امریکی حکام کے بیانات داخلی سطح پر مختلف سیاسی گروہوں کو مطمئن کرنے کے لئے سامنے آ رہے ہیں اور ایران ہرگز اس قسم کے مطالبات کو تسلیم نہیں کرے گا- امریکی وزیر خارجہ کے ترجمان نے بھی حال ہی میں کہا تھا کہ ایران کی ممکنہ فوجی توانائیوں کی فہرست کا حصول نہایت اہمیت کا حامل ہے اور ایسا معاہدہ ہونا مشکل ہے جس میں ایران کے فوجی مراکز کے معائنے کی بات نہ کی گئی ہو-
۔۔۔۔۔۔۔
/169