اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت میں بعض علاقائی مسائل کے حل، خاص طور پر ایٹمی مسئلے میں عمان کے بادشاہ سلطان قابوس کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی مذاکرات کا حالیہ مرحلہ عمان کے خصوصی کردار اور سلطان قابوس کی خصوصی مداخلت سے شروع ہوا اور امید ہے کہ تمام فریقوں کے سیاسی عزم و ارادے سے نتیجے تک پہنچ جائے گا- انھوں نے عمان میں اپنے آئندہ مذاکرات کے بارے میں کہا کہ تمام فریق اس بات میں دلچسپی رکھتے ہیں کہ ایک بار پھر مسقط میں اکٹھے ہوں لیکن ابھی اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے- اس سے قبل عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے ایئرپورٹ پر اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ اور ان کے ہمراہ جانے والے وفد کا استقبال کیا- محمد جواد ظریف اس دورے کے بعد پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے-
دوسری جانب پاکستان نے پیر کے دن ایران کےسرحدی محافظوں کی شہادت پر منتج ہونے والے دہشتگرد گروہ کےحملے کی دوسری بار مذمت کی ہے- پاکستانی وزارت خارجہ نے بدھ کے دن اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کے پاکستان میں داخل ہونے سے چند گھنٹے قبل ایک بیان جاری کر کے کہا ہےکہ پاکستان اس دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے- اس بیان میں آیا ہے کہ پاکستانی حکومت اس دہشتگردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کو ان شہادتوں کی تعزیت پیش کرتی ہے- اس بیان کے مطابق پاکستان کی سیکورٹی فورسز اس واقعے کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہیں اور انھوں نے ایران سے بھی کہا ہےکہ وہ اس سلسلے میں ضروری اطلاعات سے پاکستان کو آگاہ کرے-
.......
/169