27 مارچ 2015 - 11:28
ایرانی بحریہ کے تینتیسویں گروپ کا دورہ ہندوستان

اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے تینتیسیوں گروپ کے کمانڈر ایڈمرل محمد رضا کرمانشاہی نے ہندوستانی بحریہ کی جنوبی فلیٹ کے کمانڈر سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات بالخصوص بحری امور میں تعلقات میں فروغ لانے کی ضرورت پر تاکید کی-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے تینتیسیوں گروپ کے کمانڈر ایڈمرل محمد رضا کرمانشاہی نے ہندوستانی بحریہ کی جنوبی فلیٹ کے کمانڈر سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات بالخصوص بحری امور میں تعلقات میں فروغ لانے کی ضرورت پر تاکید کی-

انہوں نے کہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے دیگر ملکوں سے وابستگی کم کرکے اپنی داخلی توانائیوں پر بھروسہ کیا جس کے نتیجے میں وہ علاقے کی سب سے بڑی طاقت بن گیا ہے-

ایڈمرل کرمانشاہی نے کہا کہ ایران بحری امور میں اپنے تجربوں سے ہندوستان سمیت اپنے دوست ملکوں کو آگاہ کرنے کی آمادگی رکھتا ہے-

انہوں نے کہا کہ ایرانی بحریہ کے گروپ بین الاقوامی سمندروں خاص طور سے خلیج عدن میں جہازرانی کے راستے کھلے رکھنے کے ہدف سے قزاقوں سے مقابلہ کر رہے ہیں-

انہوں نے کہا کہ ہماری یہ موجودگی دیگر ملکوں کے لئے امن و دوستی کا پیغام رکھتی ہے- اس ملاقات میں ہندوستان کی جنوبی فلیٹ کے کمانڈر نے ایرانی بحریہ کے گروپ تینتیس کے دورہ ہندوستان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے تعلقات میں استحکام لانے کی ضرورت پر زور دیا-

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کا تینتیسواں گروپ ہندوستان کے ساحلی شہر کوچین میں لنگرانداز ہوا ہے- اس گروپ نے جنوری دوہزار پندرہ سے اپنے مشن کا آغاز کیا ہے اور اب تک ہندوستان کے علاوہ سری لنکا اور انڈونیشیا کا دورہ بھی کرچکا ہے-

.......

/169