اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جنرل اسمبلی کی قرارداد کے مطابق یہ تقریب ہر سال اکیس مارچ کی مناسبت سے منعقد کی جاتی ہے۔ نوروز منانے والے بارہ ملکوں کے سفیروں نے جمعے کے روز اس سال نوروز کی تقریب میں، جو دنیا کے دیگر ملکوں کے نمائندوں، اقوام متحدہ کے اعلی عہدیداروں اور اہم ثقافتی و صحافتی شخصیات کی شرکت سے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی، علاقائی اور عالمی امن و دوستی پر نوروز کے اثرات کے بارے میں تقریریں کیں۔ ایران کے علاوہ جمہوریہ آذربائیجان، قزاقستان، قرقیزستان، تاجیکستان، ترکمنستان ،ازبکستان، ترکی، عراق اور افغانستان کے عوام اور اسی طرح ہندوستان اور پاکستان کے بعض علاقوں میں بھی لوگ نوروز کا جشن مناتے ہیں۔ اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر غلام علی خوشرو نے اس تقریب میں کہا کہ ایسے حالات میں جب درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے سب لوگ اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہیں، نوروز کا وسیع ثقافتی اور اجتماعی نیٹ ورک اس اتحاد و یکجہتی کو قائم کر سکتا ہے۔ عراق کے نمائندے محمد علی الحکیم نےعید نوروز کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نوروز ہمارے بنیادی حقوق، امن کی ثقافت، انسان حقوق کی قابل احترام تمام اقدار اور اقوام متحدہ کے اہداف و مقاصد کی علامت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲