اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے اس ملک کے فوجی کمانڈروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے تکریت میں انجام پانے والے فوجی آپریشن کی طرف اشارہ کیا اور کہا: صوبہ صلاح الدین میں فوجی آپریشن ہماری پلاننگ کے تحت انجام پا رہا ہے تکریت کی آزادی ہماری رسائی سے باہر نہیں ہے ہم اپنے شہریوں اور سپاہی جوانوں کی حفاظت کرتے ہوئے میدان جنگ میں لڑ رہے ہیں۔
حیدر العبادی نے مزید کہا: ہمارے شہریوں کی جانوں کی حفاظت کرنا ہمارا فرض اولی ہے ہم نے اب تک جن علاقوں میں داعش کے خلاف جنگ کی ہے ان میں داعش کو نابود کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے شہریوں کی جانوں کی حفاظت کی ہے۔
عراق کے وزیر اعظم نے فوج کے خلاف کئے جانے والے پرییگنڈوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ عراق کی سالمیت کو نابود کرنے کے در پہ ہیں اور عراقی فوج کے خلاف غلط تشہیراتی رویے اختیار کرتے ہوئے سازشیں رچا رہے ہیں ہمیں ان کی باتیں نہیں سننا ہیں۔ ہم بہت جلد صوبہ صلاح الدین کی آزادی کی خوشخبری دیں گے اس صوبہ میں داعش کے خلاف آپریشن فوج اور عوام کی ہمدلی اور یکجہتی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے فوجی کمانڈروں کو مزید تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنگ کے دوران شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کریں اور جن علاقوں کو داعش سے رہا کروا لیا ہے ان میں عوام کے لیے پانی بجلی کی سہیولیات فراہم کریں۔
عراقی وزیر اعظم نے جہاد کفائی کے حوالے سے دئے گئے آیت اللہ سیستانی کے فتوے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم فخر کرتے ہیں کہ داعش کے خلاف جنگ حق کی باطل کے ساتھ جنگ ہے اور داعش ایسا باطل ہے کہ جو اللہ کی مدد سے عراق میں ہی دفن ہو جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲