19 مارچ 2015 - 16:04
عراق میں داعش کے اقدامات نسل کشی کا مصداق

اقوام متحدہ نے عراق میں ایزدیوں کے خلاف داعش دہشت گرد گروہ کے اقدامات کو نسل کشی کا مصداق قرار دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فرانس پریس کی رپورٹ کےمطابق انسانی حقوق کے تعلق سے اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ عراق میں داعش کے ہاتھوں ایزدی فرقے کا قتل عام نسل کشی اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ اس ادارے کے بیان میں کہا گیا ہےکہ داعش کے عناصر، جون دوہزار چودہ سے اب تک سیکڑوں افراد کے قتل عام، ایذارسانیوں، عورتوں کی آبروریزی اور بچوں سے دہشت گردانہ کاراوائیاں کروانے جیسے اقدامات کے مرتکب ہوئے ہیں۔ یہ بیان، اقوام متحدہ کے ہائی کیمشن برائے انسانی حقوق کے بعض تفتیش کاروں اور تحقیق کرنے والوں کو عراق روانہ کئے جانے اور سو سے زیادہ افراد کے مشاہدات درج کئے جانے کےبعد جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ داعش دہشت گرد گروہ نے گذشتہ سال جون سے عراق میں اپنے حملے شروع کر رکھے ہیں اور اگست کے اوائل میں شمالی عراق میں ایزدی آبادی والے شہر سنجار پر کنٹرول حاصل کرکے اس شہر کے ایزدیوں کے خلاف انتہائی سفاکانہ اقدامات انجام دیئے جس کے بعد اس شہر کے تقریبا چار لاکھ باشندے اپنا گھر بار چھوڑکر صوبہ دھوک کی جانب مہاجرت کر گئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲