اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کی عوامی رضاکار فورس کے میڈیا مرکز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بدنام زمانہ دہشت گرد گروہ داعش، تکریت کے تمام گھروں کو منہدم کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ اس بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ داعش نے صوبہ صلاح الدین میں سنگین اور بھاری شکست کھانے کے بعد اس صوبے کے مرکزی شہر تکریت کے تمام گھروں میں بم اور دھماکہ خیز مواد نصب کر دیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عراقی سیکورٹی فورسز اور عوامی رضاکار فورس نے بم ناکارہ بنانے والے ماہرین پر مشتمل اپنے خصوصی دستے تکریت بھیج دیے ہیں اور اس وقت وہ تکریت کے آزاد شدہ علاقوں میں دھماکہ خیز مواد اور بموں کو ناکارہ بنانے میں مصروف ہیں۔ داعش نے اس سے قبل سلیما بیک، جلولا اور جرف الصخر سمیت اپنے زیرقبضہ بہت سے شہروں کے بہت سے گھروں کو وہاں سے پسپا اور فرار ہوتے وقت بم دھماکوں سے تباہ کر دیا ہے۔ ان رپورٹوں کے مطابق تکریت کو داعش کے عناصر سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے جنگ بدستور جاری ہے اور داعش کے بہت سے دہشت گرد اس شہر کے اندر اور اس کے نواح میں مارے گئے ہیں۔ جبکہ اس گروہ کے بچے کچے عناصر اس علاقے سے بھاگنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲