15 مارچ 2015 - 17:39
ایران اور انڈونیشیا، حقیقی اسلام متعارف کرواسکتے ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران اور انڈونیشیا، موجودہ پرآشوب دور میں متوازن اور حقیقی اسلام متعارف کرواسکتے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز تہران میں انڈونیشیا کے خصوصی ایلچی علوی شہاب سے گفتگو میں تاکید کی کہ دونوں ملکوں نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف مہم میں سخت نقصان برداشت کیا ہے- ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ اسلامی اور ناوابستہ تحریک نیز ای سی او کے رکن ملکوں کی حیثیت سے ایران و انڈونیشیا، اپنی مشترکہ اقدار کی بنیاد پر بہت سے علاقائی اور عالمی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں- صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے انڈونیشیا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور جکارتا، اسلامی ثقافت کے فروغ اور استکبار کے خلاف مہم میں یکساں نظریات کی بنا پر ایک دوسرے سے کافی قریب ہیں اور اپنے دو طرفہ تعلقات کے مستقبل میں چار چاند لگاسکتے ہیں- اس ملاقات میں انڈونیشیا کے خصوصی ایلچی علوی شہاب نے بھی جکارتا میں ایشیا اور افریقہ کے ملکوں کی کانفرنس میں شرکت کیلئے صدر مملکت ڈاکٹر روحانی کو اپنے ملک کے صدر کا دعوت نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد، مسائل و مشکلات کا مقابلہ کرنے کیلئے تجربات سے استفادہ کرنے میں رکن ملکوں کے درمیان تعلقات و تعاون کی توسیع کا جذبہ پیدا کرنا ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲