اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے متعدد ارکان پارلیمنٹ نے ہفتے کے روز فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو میں عراق کے شمالی صوبے صلاح الدین میں داعش دہشتگرد گروہ کے مقابلے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو شیعہ و سنی مسلمانوں میں اتحاد و یکجہتی کا نتیجہ قرار دیا۔ عراقی پارلیمنٹ میں المواطن اتحاد کے نمائندے حمدیہ الحسینی نے صوبے صلاح الدین میں عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے عراق کے دیگر صوبوں منجملہ نینوا اور موصل سے داعش دہشتگردوں کو نکال باہر کرنے کیلئے مختلف عراقی اقوام اور قبائل میں یکجہتی کی ضرورت پر تاکید کی۔ حکومت قانون اتحاد کے نمائندے صادق اللبان نے بھی عراق کے مختلف علاقوں میں داعش دہشتگرد گروہ کے مقابلے میں عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں کی پیشرفت کو عراق کیلئے باعث فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ پیشرفت، داعش دہشتگرد گروہ کے ساتھ ساتھ ان تمام ملکوں کیلئے بھی ایک پیغام ہے کہ جنھوں نے عراقیوں کی طاقت و توانائی کو شک و شبہ کی نظر سے دیکھا تھا۔ اتحاد کردستان کے نمائندے اشواق الجاف نے بھی تاکید کی کہ جب صلاح الدین کے سنی مسلمان، داعش دہشتگرد گروہ کے مقابلے میں عوامی رضاکاروں کے ساتھ ہوگئے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ عراقی سیاستدانوں کو بھی چاہیئے کہ اپنے اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے عراقی شہریوں کے دفاع میں عراقی جیالوں کی حمایت کریں اور ان کا ہر طرح کا ساتھ دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲