اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے یوم عالمی خواتین کے موقعہ پر کہا ہے کہ کشمیری خواتین قابض فورسز اور اُن کے اعانت کاروں کے ہاتھوں انسانی حقوق پامالیوں کا سب سے زیادہ شکار ہیں۔ نعیم احمد خان نے کہا کہ فورسز اہلکاروں کے ہاتھوں کشمیری خواتین کا متاثر ہونا اور اُن کی مشکلات کا سلسلہ ہر گذرنے والے دن کے ساتھ جاری ہے اور اس پر بلند بانگ دعوﺅں کے باوجود کوئی روک نہیں لگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی ہزاروں خواتین ایسی ہیں جو شہداء کی صف میں شامل ہیں۔ ریاستی ظلم و ستم کی وجہ سے کم و بیش 20 ہزار کشمیری خواتین کو گذشتہ اڈھائی دہائی کے دوران جنسی زیادتی کا شکار بنایا گیا ہے۔ ہزاروں کشمیری خواتین ایسی ہیں جو اس لئے متاثر ہیں کہ اُن کے بیٹے یا بھائی فورسز کے ہاتھوں جاں بحق کئے گئے جبکہ ہزاروں کی تعداد ایسی بھی ہے جن کے شوہروں کو حراست میں لینے کے بعد گمشدہ کیا گیا اور اب اُنہیں ”آدھی بیوائیں“ کہا جاتا ہے جو انتہائی کسمپری کی حالت میں زندگیاں گذار رہے ہیں۔ نعیم خان نے کہا کہ چاہے کوئی شہید ہو یا گرفتار اس کا پہلا شکار کسی ماں، بہن یا بیوی کو ہی ہونا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ساری سنگین صورتحال میں بھی کشمیری خواتین سے صبر و استقامت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا ہے، نعیم خان کا کہنا تھا کہ یہ ساری متاثرہ خواتین ہماری اولین توجہ کی مستحق ہیں تاکہ کشمیر کو ایک انتہائی سنگین سماجی بحران سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے عالمی سطح کے اُن اداروں سے اپیل کی جو خواتین کے بین الاقوامی دن کا اہتمام کرتے ہیں، کہ وہ آئیں اور کشمیر میں خواتین کے ساتھ جاری ظلم و ستم کا جائزہ لیں۔
۔۔۔۔۔
/169