اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شہر تکریت کے مختلف علاقوں میں عراقی فوج کے ہیلی کاپٹر گشت کررہے ہیں تاکہ شہر میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کا پتہ لگایا جاسکے۔
صلاح الدین کے آپریشنل کمانڈر عبدالوہاب الساعدی کے مطابق تکریت کے ان تمام راستوں پر اب فوج کا کنٹرول ہے کہ جہاں سے داعش دہشت گردوں کو امداد پہنچتی رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ علاقے سے داعش دہشت گرد گروہ کے عناصر فرار کررہے ہیں۔
گذشتہ دو روز کے دوران تکریت کی سڑکوں پر داعش دہشتگردوں اور عراقی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں اور عوامی رضاکاروں کے تعاون سے عراقی فوج نے داعش دہشت گرد گروہ کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
اس علاقے میں عراقی فوجیوں کی پیش قدمی بدستور جاری ہے- اس سے قبل عراقی ذرائع نے اعلان کیا تھا کہ تکریت میں عراقی فوجی اور عوامی رضاکار، اس علاقے میں داخل ہوگئے ہیں کہ جہاں کئی صدارتی محل واقع ہیں- عراقی فوجیوں نے مختلف علاقوں کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد وہاں امن کی برقراری نیز امدادی کاروائیاں شروع کردی ہیں۔
.......
/169