اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عشق آباد کے ایوان صدر میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی شاندار استقبالیہ تقریب کے بعد صدرڈاکٹر روحانی اور ترکمنستان کے صدر قربان علی بردی محمد اف نے باقاعدہ مذاکرات انجام دیئے۔ ان مذاکرات میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پرترکمنستان کے صدر نے ایران کے صدر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ترکمنستان ایران کے ساتھ تمام میدانوں خاص طور پر اقتصادی شعبے میں تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہتا ہے- ترکمنستان کے صدر نے اسی طرح ایران اور ترکمنستان کے تعلقات کی توسیع کے مشترکہ کمیشن سے کہاکہ وہ اقتصادی ، سیاسی اور ثقافتی میدانوں میں تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے زمین ہموارکرے۔ ترکمنستان کے صدر نے اسی طرح ایران کے صدر ڈاکٹرحسن روحانی کو رواں سال دسمبر میں عشق آباد میں امن و غیرجانبداری کے زیرعنوان ہونےوالی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی کہاکہ ایران اور ترکمنستان کے عوام کے تعلقات کی تاریخ بہت پرانی ہے اور پچھلے برسوں کے دوران دونوں ہی ملکوں نے اپنے باہمی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے موثر کوششیں انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران بحیرہ خزر کے ساحلی اور ایک ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ترکمنستان کو خاص اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو چاہئے کہ باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اپنی توانائیوں سے بھرپور استفادہ کریں۔ واضح رہے کہ صدر روحانی ترکمنستان کے سرکاری دورے پر منگل اور بدھ کی درمیانی رات ایک اعلی سطحی وفد کے ہمرا سرکاری دعوت پر ترکمنستان پہنچے ہیں۔
.......
/169