اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری ایڈمرل علی شمخانی نے پیر کے روز بحیرہ خزر میں واقع اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے اڈے میں تباہ کن بحری جہاز دماوند کو بحریہ کے حوالے کئے جانے کی تقریب میں کہا کہ ایران کے خلاف پابندیاں غیرقانونی اور غیرمؤثر ہیں انہوں نے اس بات پرزور دیاکہ دونوں فریقوں کےفائدے پرمبنی ایٹمی معاہدہ اسی وقت ہوسکتا ہے جب ایران پرعائد تمام پابندیاں ہٹالی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران نے مقابل فریق کو یہ موقع فراہم کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں خودساختہ اور غیر حقیقی بحران کو ختم کرے۔ ایڈمرل علی شمخانی نےکہا کہ یہ سوچنا کہ ہر قیمت پرمعاہدہ ایران کی ضرورت ہے مقابل فریق کے غلط اندازوں کا نتیجہ ہے اوراس کے یہ اندازے غلط ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے اقتصادی ڈھانچے کو بہتراورمعاشی بنیادوں کو مضبوط بنانے کا راستہ استقامتی اقتصاد ہے نہ کہ مذاکرات کے نتائج، اور اس بارے میں ایرانی حکام میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے- ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے بعض ملکوں کے اندازوں کی غلطی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ جس کا نتیجہ عراق اور شام میں خود ان کے اور دیگر ملکوں کے لئے بے پناہ نقصانات کی صورت میں دیکھا گیا ہے، کہا کہ عوام کے عزم و ارادے کے مقابلے میں کوئی بھی اقدام شکست سے دوچار ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ داعش کے مقابلے میں عراقی حکومت اور عوام کی حالیہ کامیابیاں ملکی توانائیوں، جذبہ خوداعتمادی اور اپنی صلاحیتوں پر بھروسے کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ان کامیابیوں پر عراق کو مبارک باد پیش کرتا ہے اور ہر اس اقدام کی حمایت کرے گا جو دہشت گردی کے مقابلے میں عراق کے لئے سود مند ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲