8 مارچ 2015 - 14:11
امریکہ اور فرانس ایران کے ساتھ مستحکم معاہدہ چاہتے ہیں

امریکی وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن اور پیرس نے اتفاق کیا ہے ایران کے ساتھ مستحکم معاہدہ ہونا چاہیے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اختلافات کے حل کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے- امریکی وزیر خارجہ نے پیرس میں فرانسیسی وزیر خارجہ لوران فابیوس سے ملاقات کے بعد کہا کہ ہم پانچ جمع ایک گروپ اس بات پر تاکید کرتے ہیں کہ ہمیں ایران سے اس بات کی ضمانت چاہیے کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرے گا،انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں پیشرفت ہوئي ہے لیکن اختلافات بدستور باقی ہیں اور ہمیں یہ اختلافات دور کرنے ہونگے- انہوں نے کہا کہ امریکہ اور فرانس نے اتفاق کیا ہے کہ جس معاہدے کےلئے ایران سے مذاکرات جاری ہیں اسے مستحکم ہونا چاہیے- جان کیری نے کہا کہ ہمیں صحیح معاہدے تک پہنچنا ہوگا- انہوں نے کہا کہ یہ ایران کی ذمہ داری ہے جو پرامن ایٹمی پروگرام کا خواہاں ہے کہ وہ دنیا پر ثابت کرے کہ جو بات کررہا ہے اس پر عمل بھی کررہا ہے- فابیوس نے امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے سلسلے میں حتمی اور پائدار معاہدے کے لئے ابھی کام باقی ہے- واضح رہے جرمن اور برطانوی وزرا خارجہ نیز یورپی یونین میں خارجہ پالیسی شعبے کی سربراہ فڈریکا موگرینی بھی ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں تبادلہ خیال کرنے کی غرض سے پیرس میں ہیں- فابیوس نے کہا کہ بعض مسائل میں پیشرفت ہوئي ہے لیکن اختلافات بھی بدستور موجود ہیں- انہوں نے کہا کہ فرانس اور امریکہ اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کے ساتھ ایک مستحکم ایٹمی معاہدہ ہونا چاہیے جس کی رو سے ایران اپنا پرامن ایٹمی پروگرام جاری رکھ سکے- واضح رہے ایران کے ساتھ پانچ جمع ایک گروپ کے مذاکرات کی مدت میں یکم جولائي تک کی توسیع کی گئي ہے- یکم جولائي تک ایران کے ایٹمی معاملے کے بارے میں حتمی معاہدہ کی امید کی جارہی ہے- اقوام متحدہ نے مغربی ملکوں کی سازش سے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے بہانے پابندیاں لگا رکھی ہیں جبکہ بعض مغربی ملکوں نے یہ الزام لگا کر کہ ایران ایٹم بنانے کی کوشش کررہا ہے ایران پر یکطرفہ پابندیاں لگا رکھی ہیں- اسلامی جمہوریہ ایران نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام پرامن ہے-

........

/169