اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اور سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز السعود نے بدھ کو پاکستان سعودی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعدد شعبوں میں انہیں مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
دونوں رہنماﺅں کے درمیان بات چیت سعودی فرمانروا کے محل میں ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم تین روزہ سرکاری دورے پر بدھ کی سہ پہر ریاض پہنچے تو شاہ سلمان نے ذاتی طور پر خود کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔
وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے۔
سعودی فرمانروا کے ہمراہ ولی عہد اور نائب وزیراعظم مقرن بن عبدالعزیز، دوسرے ولی عہد اور ڈپٹی وزیراعظم محمد بن نائف، ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز، کابینہ وزراءاور اعلیٰ فوجی و سول حکام بھی موجود تھے۔
بات چیت کے دوران وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ شاہ سلمان کے دور میں دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو لیں گے۔
شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور وہ انہیں مزید مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ عقیدے کے رشتے سے جڑے ہیں اور پاکستان کی آزادی کے بعد سے بہترین تعلقات قائم ہیں۔
شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں ممکنہ تعاون کے ذریعے تعلقات کو مضبوط کرکے خوشی محسوس کرے گا۔
انہوں نے خاص طور پر دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان روابطہ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ضرورت کے وقت پاکستان کو قابل قدر معاونت فراہم کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماﺅں نے خطے کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشتگردی و انتہاپسندی دونوں ممالک کے مشترکہ دشمن ہیں اور دونوں ممالک کو سیکیورٹی کے شعبے میں ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھنا چاہئے۔
نواز شریف نے اس موقع پر شاہ سلمان کو پاکستان آنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔
شاہ سلمان نے وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانے کی میزبانی بھی کی جس میں وزراء، شاہی خاندان کے اراکین اور دیگر اعلیٰ افراد نے شرکت کی۔
دورے کے دوران وزیراعظم عمرے کی ادائیگی بھی کریں گے اور سعودی عرب میں پاکستانی برادری کے اراکین سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیراعظم کے خارجہ امور کے خصوصی معاون طارق فاطمی اور وزیراعظم کے قومی امور پر خصوصی عرفان صدیقی بھی دورے میں میاں نواز شریف کے ہمراہ ہیں۔






