اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے کہا ہے کہ صنعا میں اغوا ہونے والے ایرانی سفارت کار نیکبخت بالکل خیریت سے ہیں اور ان کی رہائی کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں-
موصولہ رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے پیر کے روز بین الاقوامی نظام، علاقائی تبدیلیاں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کے عنوان سے دوسری بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت میں یمن کے لئے انسان دوستانہ امداد یمن لے جانے والے ایرانی طیارے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم یمن میں امن و استحکام اور تمام گروہوں کے تعاون پر یقین رکھتے ہیں اور اس کی حمایت کرتے ہیں- انہوں نے کہا کہ اسی بنا پر گزشتہ روز ایران کی ہلال احمر سوسائٹی نے ادویات پر مشتمل امداد، ایک طیارے کے ذریعے یمن کی ہلال احمر سوسائٹی کے حوالے کی- انھوں نے کہا کہ ہم یمن کے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور جن شعبوں میں ہم اس ملک کے عوام کی مدد کر سکتے ہیں، کریں گے- ایران کے نائب وزیر خارجہ نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے لیے براہ راست پرواز کے بارے میں کہا کہ ہم نے یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح کے دور میں ہوائی ٹرانسپورٹ کے بارے میں ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے، اس معاہدے کی دس روز قبل یمن کے سول ایوی ایشن کے ادارے کے ایک وفد کے دورے کے دوران تجدید کی گئی اور اس پر عمل درآمد شروع کیا گيا اور اتوار سے صنعا کے لیے پروازیں شروع ہوئيں- انہوں نے کہا کہ پروگرام کے مطابق یمن کی ایئر لائن بھی ایران کے لیے اپنی پروازیں شروع کرے گی- امیر عبدالہیان نے یمن کے ایک اقتصادی وفد کی ایران آمد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے نجی شعبے کا ایک اقتصادی وفد تہران کے دورے پر ہے اور سرکاری وفد بھی باہمی تعاون کی راہوں کا جائزہ لینے کے مقصد سے اتوار کے روز تہران پہنچا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲