اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کے باہر خودکش دھماکہ ہوا ہے جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری ہوئی گاڑی کو ترکی کی گاڑیوں کے قافلے کے قریب دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں ترکی کی ایک گاڑی تباہ ہوگئی- واضح رہے کہ ترکی کا سفارتخانہ کابل میں ایرانی سفارتخانے سے متصل ہے- کابل پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور کئی دیگرزخمی ہوئے ہيں۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں متعدد غیر ملکی فوجی مارے گئے ہيں۔ اس درمیان اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے کابل میں ہونےوالے دہشت گردانہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی سفارتخانے کے سبھی اہلکار محفوظ ہیں اور سفارت خانے کی عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ دہشت گردی جہاں بھی ہو، جس شکل میں ہو اور جس فرد ياگروہ کی طرف سے بھی اس کا مل کر مقابلہ کیا جائے اور اس کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑپھینکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے دوہرے معیار کو ترک کرنا ہوگا۔



