اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کے دورحکومت میں ہندوستان میں فرقہ وارانہ فسادات بڑھ گئے ہيں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بدھ کو جاری کردہ اپنی تازہ ترین رپورٹ میں ہندوستان میں مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب سے وزیراعظم نریندر مودی نے حکومت کی باگ ڈور سنبھالی ہے ملک میں فرقہ وارانہ فسادات اور کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ تحویل اراضی بل کی وجہ سے بھی بہت سے ہندوستانیوں میں جبری بے دخلی کی تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گيا ہے کہ ریاست اتر پردیش اور اسی طرح دیگر ریاستوں میں فرقہ وارانہ فسادات میں جہاں اضافہ ہوا ہے وہيں ذات اور مذہب کی بنیاد پر بھی فسادات ہوئے ہيں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گذشتہ برس مئی میں عام انتخابات سے پہلے ریاست اترپردیش میں فرقہ وارانہ فسادات ہوئے جن سے مسلمانوں اور ہندوؤں میں کشیدگي پیدا ہوئی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ کچھ شدت پسند ہندو لیڈروں کی اشتعال انگیز تقریروں کی وجہ سے بھی فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہواہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ دسمبر میں مسلمانوں اور عیسیائیوں کو جبری طور پر مذہب تبدیل کرنے کے لئے بعض انتہا پسند ہندو تنظیموں کی طرف سے دباؤ کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔
.......
/169