17 فروری 2015 - 14:47
شام: آئل ریفائنریوں پرداعش مخالف اتحاد کی بمباری

امریکا کی سرپرستی میں داعش مخالف اتحاد میں شامل متحدہ عرب امارات کے جنگی طیاروں نے داعش کے خلاف جنگ کے بہانے شام کی آئل ریفائنریوں پربمباری کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سحر عالمی نیٹ ورک نے متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی "وام" کے حوالے سے خبردی ہے کہ اردن میں تعینات متحدہ عرب امارات کے ایف سولہ جنگي طیاروں نے پیر اور منگل کی درمیانی رات شام کی آئل ریفائنریوں پر بمباری کی ہے۔ اس ایجنسی نے دعوی کیا ہے کہ شام کی ان آئیل ریفائنریوں پر بمباری کا مقصد جو داعش کے قبضے میں ہیں، اس دہشت گرد گروہ کے مالی آمدنی کے ذرائع کو تباہ کرنا ہے۔ اس سے قبل بھی داعش مخالف نام نہاد اتحاد کے جنگی طیاروں نے داعش کے ٹھکانوں پرحملے کا بہانہ بناکر دیرالزور کے علاقے میں آئل فیلڈ اور شام کی بنیادی تنصیبات پرحملے کئے تھے۔ دوسری جانب شام کی نیوز ایجنسی سانا نے خبر دی ہے کہ دہشت گردوں نے دارالحکومت دمشق کےجنوب میں گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا۔ جس کے نتیجے میں اس علاقے میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی ہے۔ شام کے وزیر توانائی عماد خمیس نے کہا ہے کہ اس گیس پائپ لائن کی فوری مرمت کے لئے ایک ٹیم دھماکے کے مقام پر روانہ کردی گئی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲