14 فروری 2015 - 09:10
پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے: نواز شریف

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ بھی انسان ہیں جس سے غلطیاں ہوسکتی ہیں لیکن اگر کسی کو ان کی ذات کسی کو پسند نہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ بے جا الزامات عائد کر دے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ بھی انسان ہیں جس سے غلطیاں ہوسکتی ہیں لیکن اگر کسی کو ان کی ذات کسی کو پسند نہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ بے جا الزامات عائد کر دے۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ قانون کی پاسداری کرنے والوں کا احترام اور آئین و جمہوریت کے تحفظ کے لئے کام کرنے والوں کی قدرکرتے ہیں، پاکستان اپنی تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، وزارت عظمٰی ایک وقت میں پھولوں کی سیج ہوتی تھی لیکن اب ایسا نہیں، ہم نے متحد ہو کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قومی ایکشن پلان بنایا۔ پاکستان دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، معاشی مسائل اور خارجہ امور کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن دھرنوں نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا۔ دھرنوں کے دوران روپے کی قدر میں ۴ روپے کمی ہوئی۔ کئی غیر ملکی سربراہان مملکت کے دورے منسوخ ہوئے۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ میڈیا کی آزادی بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنا ضروری ملک کے دیگر اداروں کا آزاد ہونا ہے۔ میڈیا کئی باتوں پر متفق ہو جاتا ہے لیکن کئی امور پر یہ منقسم بھی ہو جاتا ہے۔ ملک کا میڈیا کم از کم دوسال کے لئے اپنی ریٹنگ بھول کر حکومت کا ساتھ دے۔ دھرنے دینے والوں نے پارلیمنٹ ہاؤس اور قومی نشریاتی ادارے پر حملہ کیا اور میڈیا نے کہا کہ وزیراعظم ایک دو روز میں استعفیٰ دینے والے ہیں۔ انہوں نے کبھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وقت نہیں بلکہ ہمیشہ یہی کہا کہ وہ اپنے دور حکومت میں ہی تاریکیوں کا خاتمہ کریں گے۔ میڈیا میں خوامخواہ کسی کی پگڑی نہ اچھالی جائے۔ انسان خطا کا پتلا ہے اور وہ بھی انسان ہیں جس سے غلطیاں ہوسکتی ہیں، اگر کسی کو ان کی ذات کسی کو پسند نہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ بے جا الزامات عائد کر دے۔ میڈیا میں خوامخواہ کسی کی پگڑی نہ اچھالی جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲