12 فروری 2015 - 10:57
عراقی صدر کی داعش کے خلاف جنگ میں تمام ملکوں کے تعاون کی درخواست

عراقی صدرنے داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف جنگ میں تمام ملکوں کے تعاون پر زودیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مصر کی الیوم السابع ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراقی صدر فواد معصوم نے اپنے دورہ قطر میں بدھ کی رات دوحہ میں غیرملکی سفیروں کے ساتھ ملاقات میں داعش دہشت گرد گروہ سے مقابلے کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس تکفیری دہشت گرد گروہ کے خلاف، فوجی، سیاسی اور فکری تمام محاذوں پر مقابلہ کیا جائے۔ عراقی صدر فواد معصوم نے کہا کہ داعش دہشت گرد گروہ کی بربریت اور اس کے غیرانسانی اقدامات سے صرف عراق اور شام کے عوام کو ہی خطرات درپیش نہیں ہیں بلکہ اس کا خطرہ تمام ملکوں کو لاحق ہے۔ عراقی صدر نے داعش سے مقابلے کے لئے عراق کی حمایت میں دوست ملکوں کے موقف کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ان حمایتوں میں مزید اضافہ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی خارجہ پالیسی دیگر ملکوں کے ساتھ اچھے روابط قائم کرنے اور قومی مفادات کی بنیاد پر استوار ہے۔ عراقی صدر نے امید ظاہر کی کہ ان کا ملک سخت اوردشوار مراحل سے گذرجائےگا اورایک مستحکم اور پائیدار عراق کی تعمیر کی جائے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲