10 فروری 2015 - 21:26
عراق کے وزیر اعظم کی عالمی برادری سے مدد کی درخواست

عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے عالمی برادری سے فوجی مدد کی درخواست کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے داعش کو پورے علاقے اور دنیا کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ اس دہشت گرد گروہ کے خلاف جنگ کا محاذ وسیع ہونے کے پیش نظر عراق کو ہتھیار اور گولہ بارود فراہم کیا جائے- حیدر العبادی نے صوبہ کرکوک کے گورنر نجم الدین کریم کی سربراہی میں اس صوبے کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا کہ کرکوک مینی عراق اور عراقی عوام کی پرامن باہمی زندگی کی علامت ہے- انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش کے ساتھ جنگ کے محاذوں پر کامیابی حاصل کرنے کے لیے صوبہ کرکوک میں عراقی عوام کے تمام طبقوں کا ایک مشترکہ اڈا قائم کیا جانا چاہئے- انہوں نے کہا کہ عراقی معاشرے کے کسی بھی ایک طبقے کو خطرہ پوری ملت عراق کو خطرہ ہے اور داعش عراقیوں کے خلاف اپنے جرائم کے ارتکاب میں کسی بھی استثنی کا قائل نہیں ہے- کرکوک کے اس وفد کے ساتھ ملاقات میں جس میں عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی بھی موجود تھے، کرکوک کے سیکورٹی کے حالات، داعش کے خطروں کے مقابلے میں اس صوبے کی حفاظت کے منصوبوں، بےگھر افراد کے مسئلے اور مشترکہ آپریشن مرکز کی تشکیل کا بھی جائزہ لیا گیا-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲