اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ رپورٹ کےمطابق انصاراللہ تحریک کے ایک رہنما علی القحوم نےایک بیان میں کہاہے کہ انصار اللہ تحریک نےعبوری صدراتی کونسل کی تشکیل سے پہلےہی یمن کےمختلف صوبوں پر مشتمل قومی کونسل کی جلد تشکیل کا کام شروع کردیا ہے اور وہ کسی صورت میں جمعےکے روز جاری کیا جانے والا اپنا آئينی اعلامیہ واپس نہیں لے گی- انہوں نے کہا کہ پانچ افراد پر مشتمل صدارتی کونسل کی تعیین کے لیے یمن کے تمام صوبوں سے پانچ سو اکاون ارکان پر مشتمل قومی کونسل کی تشکیل اورصدارتی کونسل کی جانب سے ایک کارآمد حکومت کی تشکیل کا کام انجام پا رہا ہے- انصار اللہ تحریک کے رہنما نےاس بات پر زوردیا کہ جو سیاسی قوتیں آئینی اعلامیےکی مخالف ہیں وہ یمن کو ایک ایسے آئینی خلا میں دھکیلنا چاہتی ہیں جو ملک کے صوبوں میں دہشت گرد گروہ القاعدہ کو زیادہ سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت دیتا ہے- دوسری جانب انصاراللہ تحریک کی شرکت اوراقوام متحدہ کی نگرانی میں یمن کی سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کا نیا دور پیر کوشروع ہوا- اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی جمال بن عمر نے اتوار کو کہا تھا کہ یمن کی سیاسی جماعتوں اورحوثیوں نےمذاکرات کی میز پر واپس آنے پررضامندی ظاہر کردی ہے- دریں اثنا یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی بدستور اپنے استعفے پر زور دے رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پارلیمنٹ کو جو استعفی ارسال کیا ہے اس پر وہ قائم ہیں اور وہ اپنا فیصلہ واپس نہیں لیں گے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲