اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی(مجمع جہانی اہلبیت) کے بین الاقوامی شعبہ کے عہدہ دار نے دنیا بھر کے شیعوں کے درمیان رابطہ پل کے عنوان سے ایک مرکز کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا: دنیا میں بین الاقوامی سطح پر مختلف مراکز اور تنظیمیں کام کر رہی ہیں لیکن ان کو آپس میں جوڑنے کے لیے کوئی ایک مرکز ہمارے پاس نہیں ہے۔
حجۃ الاسلام و المسلمین آقائے سالار نے مزید کہا: اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے مقاصد میں سے ایک مقصد یہ بھی ہے کہ دنیا کے تمام ثقافتی اور دینی اداروں کو مجمع اہلبیت کے زیر سایہ آپس میں جوڑا جائے اور ہمیں امید ہے کہ اسلامی عالمی گھرانہ کانفرنس اس کام کے لیے پیش خیمہ ثابت ہو گی۔
انہوں نے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے وظائف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: عالمی اسمبلی کے دو اہم وظائف ہیں؛ ایک دنیا بھر میں پیروان اہلبیت(ع) کے لیے دینی معارف فراہم کرنا اور دوسرا ان کے امور کو منظم کرنا اور انہیں آپس میں جوڑنا۔ یہ کانفرنس دوسرے مقصد کے پیش نظر انجام پائی ہے یعنی اس کانفرنس کے ذریعے اہل بیت اطہار(ع) کے پیروکاروں کے درمیان دینی فعالیت کرنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کوششش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے ساتھ ساتھ ایک نمائشگاہ کا عمل بھی وجود میں لایا گیا تاکہ ثقافتی مراکز ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ حاصل کریں اور ایک دوسرے کے کاموں کو نمونہ بنائیں۔
آقائے سالار نے مزید کہا کہ دوسری جانب جب دشمنان اسلام مسلمانوں اور اہل بیت(ع) کے پیروکاروں کے درمیان تفرقہ اور اختلاف پھیلانے اور انہیں کمزور کرنے کے لیے اتنے منظم طریقے سے کام کر رہے ہیں تو ہمیں بھی ان کے مقابلے میں اس سے زیادہ منظم ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ امید ہے کہ یہ کانفرنس اور اس کی تخصصی نشستیں سیاسی، ثقافتی، معنوی، اعتقادی اور اخلاقی میدانوں میں مذکورہ اھداف کو حاصل کرنے میں دنیا کے تمام دینی اور شیعی مراکز کے لیے ایک پیش خیمہ ثابت ہو گی تاکہ ہم اس کے بعد بہتر اور مستحکم انداز میں قدم اٹھا سکیں۔
...........
242