29 جنوری 2015 - 12:52
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی روس کے اہم دورے پر

اسلامی جمہوریہ ایران کے خصوصی ایلچی ڈاکٹر علی اکبر ولائتی نے روس کے صدر ولادیمیر پوتین سے ملاقات اور صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا پیغام انہیں پہنچایا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی امور میں قائد انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے صدر مملکت کے خصوصی ایلچی کی حیثیت سے ماسکو کا دورہ کیا اور روسی صدر ولادیمیر پوتین کو صدر ڈاکٹرحسن روحانی کا پیغام انہيں پیش کرنے کے ساتھ ان سے دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے ارنا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے اس پیغام کے بارے میں کہا کہ روسی صدر کی جانب سے ڈاکٹر حسن روحانی کے پیغام کے خیرمقدم سے تہران اور ماسکو کے دو طرفہ اور علاقائی تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

ڈاکٹرولایتی نے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی شعبے میں ایران اور روس کے تعلقات فروغ پا رہے ہیں – انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران ایران اور روس کے علاقائي تعاون نے اہم اثرات چھوڑے ہیں کہ جن میں سے شام کی حکومت اور عوام کے دفاع میں دونوں ملکوں کے تعاون کی طرف اشارہ کیا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے اسی طرح ایران اور روس کے اقتصادی تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں روس ک جانب سے ایٹمی ری ایکٹر کی تعمیر کے سمجھوتے پر دستخط اور چھے تھرمل پاور بجلی گھروں کی تعمیر کے لیے تہران کی درخواست سمیت ریلوے کے نظام کی ترقی کے سلسلے میں دونوں ملکوں کے تعاون کو مدنظر رکھتے ہوئے توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات کی شرح دو ہزار پندرہ میں بیس ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔
روس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے بھی ایک بیان میں اس دورے کے بارے میں کہا ہے کہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی اور ولادیمیر پوتین کی ملاقات میں دونوں فریقوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کی باقاعدہ رکنیت کی کوشش کریں گے۔ ایران اس وقت شنگھائی تعاون تنظیم کا مبصر رکن ملک ہے اس تنظیم کا آئندہ سربراہی اجلاس روسی جمہوریہ باشقیرستان کے دارالحکومت اوفا میں ہوگا جس میں نئے ارکان کی رکنیت کا جائزہ لیا جائے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169