اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ یورپی یونین کے رکن ملکوں کے سربراہوں نے ایک مشترکہ بیان میں مشرقی یوکرین میں جھڑپوں میں شدت آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے-
برسلز سے موصولہ رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے رکن ملکوں کے سربراہوں نےمنگل کو اپنے ایک بیان میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ سے کہا ہے کہ وہ مشرقی یوکرین میں جھڑپوں میں شدت آنے پر مناسب ردعمل ظاہر کریں اور روس کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا جائزہ لیں- اس بیان میں روس سے مطالبہ کیاگيا ہے کہ وہ مشرقی یوکرین کے حالات میں مداخلت نہ کرے- واضح رہے کہ حالیہ دنوں کے دوران مشرقی یوکرین میں سرکاری فوجوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں میں شدت آ گئی ہے- ادھر یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے بھی فریقین سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ جمعرات کو اس سلسلے میں ایک ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے- اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی ایک بیان میں مشرقی یوکرین میں جھڑپوں اور عام شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کی ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲