اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق کوبانی میں داعش کو ایسی حالت میں شکست فاش ہوئی ہے کہ جب گذشتہ ہفتے اس تکفیری دہشت گرد گروہ کو عراقی فوج کے ہاتھوں دیالا میں ہزیمت اٹھانی پڑی تھی۔
برطانیہ میں قائم نام نہاد انسانی حقوق کے ادارے 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے مطابق شام میں آباد کرد فورسز کے دستوں نے عراقی کردستان کی فوج 'پیش مرگہ' کے تعاون سے شدت پسندوں کو پیچھے دھکیل کر کوبانی کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
'سیرین آبرویٹری' کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کو بتایا ہے کہ کرد فورسز نے داعش کے دہشت گردوں کو قصبے سے باہر دھکیل دیا ہے جس کے بعد پورا قصبہ کرد فورسز کے کنٹرول میں آگیا ہے۔
رامی عبدالرحمن کے مطابق کرد فورسز قصبے کی مشرقی سرحد کے نزدیک علاقے میں دہشت گردوں کے تعاقب میں ہیں لیکن قصبے کے اندر لڑائی مکمل طور پر رک چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے پسپا ہوتے وقت قصبے کی گلیوں میں بارودی سرنگیں بچھادی ہیں جس کے باعث کرد رضاکاروں کو انتہائی احتیاط اور سست روی سے پیش قدمی کرنا پڑ رہی ہے۔
داعش اور کرد فورسز کے درمیان 112 دن تک مسلسل خونریز لڑائی جاری رہی جو آخر کار دہشت گردوں کی پسپائی پر ختم ہوئی۔
.......
/169