27 جنوری 2015 - 09:16
پرتگال کے وزیر خارجہ کی صدر روحانی سے ملاقات، تہران لسبن تعلقات کے فروغ پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ تہران اور لسبن، یورپ و مشرق وسطی کے درمیان رابطہ پل کا کردار ادا کرسکتے ہیں-

ااہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کی شام تہران میں پرتگال کے وزیرخارجہ رویی مشاتہ سے گفتگو میں تہران اور لسبن کے دیرینہ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران، مشرق وسطی جیسے اہم علاقے کے ساتھ پرتگال کے رابطہ دروازے، نیز لسبن، یورپ و دیگر ملکوں کے ساتھ ایران کیلئے رابطہ پل کی حیثیت سے کردار ادا کرسکتے ہیں- ڈاکٹر حسن روحانی نے دنیا کے موجودہ مسائل منجملہ تشدد و دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے غور و فکر کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت مشرق وسطی اور یورپ سمیت پوری دنیا، تشدد و دہشتگردی کے خطرے سے دوچار ہے اسلئے اقوام عالم اور دنیا کے تمام رہنماؤں کو چاہیئے کہ اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش اور اس سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں- صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران کا پرامن جوہری پروگرام، آئی اے ای اے کی نگرانی میں جاری ہے اور اس کی سرگرمیاں ہمیشہ عالمی قوانین کے مطابق ہی رہیں گی، کہا کہ گذشتہ چودہ برسوں کے دوران ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے معائنہ کاروں نے بارہا اور جب چاہا ایران کی ایٹمی تنصیبات کا معائنہ کیا تاہم اس نے ایران کے پرامن جوہری پروگرام میں کبھی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا مشاہدہ نہیں کیا- اس ملاقات میں پرتگال کے وزیرخارجہ نے بھی ایران کے پرامن جوہری پروگرام کی حمایت کی اور تہران اور لسبن کے دیرینہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایران کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو ماضی سے کہیں زیادہ فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲