24 جنوری 2015 - 07:08
شاہ عبد اللہ ایک بے نشان قبر میں دفن جب کہ پاکستان میں ایک روزہ سوگ کا اعلان + تصویر

طویل مدت کی علالت کے بعد جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب سعودی عرب کے شاہ عبداللہ کے انتقال کے بعد جمعہ کی شام انہیں ریاض میں وہابی فرقے کی مذہبی روایات کے مطابق، ایک بے نشان قبر میں دفنا دیا گیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق طویل مدت کی علالت کے بعد جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب سعودی عرب کے شاہ عبداللہ کے انتقال کے بعد جمعہ کی شام انہیں ریاض میں وہابی فرقے کی مذہبی روایات کے مطابق، ایک بے نشان قبر میں دفنا دیا گیا۔

شدت پسند وہابی فرقے میں زندگی اور موت کو خدا کی اطاعت سمجھتے ہوئے کسی قسم کے ذاتی یا قومی سوگ کی اجازت نہیں ہے۔

اس کے باوجود پاکستان میں سرکاری طور پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا اور قومی پرچم سر نگوں رہا۔

شاہ عبداللہ کی تدفین کے موقع پر پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف، مصر کے وزیر اعظم ابراہیم ملہب، سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر اور ترکی کے صدر رجب طیب اردغان موجود تھے۔

گذشتہ دنوں شاہ عبداللہ کونمونیے اور پھیپھڑوں کے انفیکشن کے عارضے کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

سعودی سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ ’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔ شاہی دیوان کا ایک بیان، شہزادہ سلمان بن عبد العزیز السعود اور شاہی خاندان کے تمام ارکان نہایت رنج و غم سے یہ اعلان کرتے ہیں کہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز السعود کا جمعے کو مقامی وقت کے مطابق ایک بجے رات انتقال ہوگیا ہے‘۔

عبداللہ بن عبدالعزیز کی جگہ ان کے 79 سالہ سوتیلے بھائی سلمان بن عبدالعزیز نے بادشاہت سنبھالی ہے۔

شاہ سلمان نے اقتدار سنبھالتے ہی سعودی عرب کے وزیر داخلہ پرنس محمد بن نائف کو نائب ولی عہد اور اپنے بیٹے محمد بن سلمان کو ملک کا نیا وزیر دفاع مقرر کیا ہے۔

.......

/169