20 جنوری 2015 - 12:08
کشمیر میں حکومت سازی سے متعلق اہم انکشاف

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکومت سازی کا معاملہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے پہلی مرتبہ اعتراف کیا ہے کہ افسپاکی منسوخی اور دفعہ 370 کے بارے میں غیر رسمی بات چیت جاری ہے ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکومت سازی کا معاملہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے پہلی مرتبہ اعتراف کیا ہے کہ افسپاکی منسوخی اور دفعہ 370 کے بارے میں غیر رسمی بات چیت جاری ہے ۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کو مائع سے تعبیر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نئی ریاستی سرکار میں بی جے پی کی شمولیت یقینی ہے۔ 23 دسمبر کو انتخابی نتائج منظر عام پر آنے اور ایک معلق اسمبلی کا خاکہ سامنے آنے کے بعد ریاست میں مختلف سیاسی جماعتوں کے مابین نئی سرکار بنانے کے معاملے پر کوئی اتفاق پیدا نہ ہونے کے نتیجے میں تقریباً 19روز بعد جموں و کشمیر میں گورنر راج نافذ کر دیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود ریاست میں ایک نئی مخلوط سرکار کی تشکیل کا امکان باقی رہا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور وزیر اعظم دفتر میں تعینات مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ بی جے پی، پی ڈی پی سمیت کئی جماعتوں کے ساتھ حکومت سازی کے معاملے پر غیر رسمی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کے معاملے پر بات چیت کیلئے بی جے پی نے کچھ لیڈران کو اختیارات تفویض کئے ہیں اور یہی لیڈر اس بارے میں مختلف جماعتوں کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

.......

/169