اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے ایک ہی خاندان کے تین افراد کی نماز جنازہ لیاقت باغ راولپنڈی میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے پڑھائی، اس موقع پر ہزاروں سوگواروں نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور حکومت مخالف نعرے بازی کی۔ نماز جنازہ کے شرکاء سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمیں شہادتوں سے ڈرایا یا دھمکایا نہیں جاسکتا، پنجاب حکومت کالعدم جماعتوں کو سپورٹ کر رہی ہے، جبکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ دہشتگردوں کی روٹس شہروں میں موجود ہیں جن کیخلاف تاحال کارروائی نہیں کی جا رہی، انہوں نے کہا کہ اکیسویں آئینی ترمیم کے بعد حکومتی رٹ مضبوط ہونی چاہیئے تھی اور دہشتگردوں اور ان کے حامیوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کی جاتی، لیکن افسوس کا مقام ہے کہ کالعدم تنظیموں کے سربراہان اسلام آباد میں بیٹھ کر پریس کانفرنسز کر رہے ہیں جبکہ انتظامیہ ان کی سکیورٹی پر لگی ہوئی ہے، جبکہ عوام کو قاتلوں کے آگے تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے کالعدم جماعتوں اور دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف کارروائی کا آغاز نہ کیا تو ہم حکومت مخالف تحریک کا آغاز کریں گے جو حکومت کو اپنی لپیٹ میں لے لی گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو آخری موقع دیتے ہیں کہ وہ اپنی پوزیشن واضح کرے اور کالعدم جماعتوں اور دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف کارروائی کرے۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کالعدم جماعتوں کی سرپرست بنی ہوئی ہے۔ رانا ثناء اللہ جیسے کردار راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے حالات کے ذمہ دار ہیں۔ افسوس کا مقام ہے کہ امام بارگاہ چٹیاں ہٹیاں کا واقعہ پیش آیا لیکن کسی حکومتی وزیر یا ایم این اے نے سوگواروں سے اظہار تعزیت تک نہیں کی۔ آج جنازے میں مسلم لیگ نون کے نمائندوں کا نہ ہونا ثابت کرتا ہے کہ حکومت دہشتگردوں کی حامی ہے، ورنہ وہ مظلوموں کے ساتھ ہوتی۔









.......
/169