14 جنوری 2015 - 14:03
موسم سرما اور شام کے مہاجرین کی مشکلات

موسم سرما کے آتےہی شامی پناہ گزینوں کو جو پہلے ہی جنگ سے بری طرح متاثر تھے مزید مشکلات کا سامنا ہے -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق موسم سرما کے آتےہی شامی پناہ گزینوں کو جو پہلے ہی جنگ سے بری طرح متاثر تھے مزید مشکلات کا سامنا ہے -

سخت سردی شامی پناہ گزینوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافے کاسبب بن رہی ہے جن کے گھر اورزندگیاں پہلے اجڑچکی ہیں -

اس درمیان سب سے زیادہ وہ شامی بچے مشکلات کاشکارہیں جو غذائي قلت اور داؤں کے فقدان کی وجہ سے جسمانی طور پرکمزور اور طرح طرح کی بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہيں -

اس افسوسناک صورتحال کے پیش نظر بچوں سے متعلق اقوام متحدہ کے فنڈ یونیسف نے کہا ہے کہ شام کے سات لاکھ بے گھرہونےوالے بچوں کو فوری مدد کی ضرورت ہے -

اقوام متحدہ کے متعدد ذیلی اداروں نے جوشام کی جنگ کے مسائل میں الجھے ہوئےہيں اور پناہ گزینوں کے مسائل کے حل میں لگے ہوئے ہيں سخت سردی کے عالم میں شامی پناہ گزینوں کی حالت زار کے بارے میں خبردار کیا ہے - یونیسف کے ترجمان نے کہا ہے کہ بہت سے بے گھر شامی بچے بغیر چھتوں کے مکانات میں زندگي بسرکررہے ہيں -

یونیسف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ برف باری کے پیش نظر ان بچوں کومزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے -

یونیسف کے ترجمان کرسٹوفر بولیراک نے کہا ہے کہ سخت سردی کی وجہ سے پناہ گزینوں کو جن مشکلات کا سامنا ہے ان کے ساتھ ساتھ داعش کے دہشت گرد عناصر بھی شام کے بعض صوبوں میں عام شہریوں پر حملہ کرکے بچوں کو ان کی تعلیم سے محروم کررہے ہيں -

یونیسف کےترجمان کا کہنا ہے کہ شام کے تین صوبوں میں مسلسل لڑائیوں کی وجہ سے شام کے چھے لاکھ ستر ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں -

ماہرین کا کہنا ہے کہ شام کی جنگ کے تعلق سے جو اعداد وشمار سامنے آرہی ہیں ان کے مطابق اس جنگ سے سب سے زیادہ بچے ہی متاثر ہوئے ہيں -

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ شام میں جنگ کی وجہ سے پچپن لاکھ بچے بے گھر ہوئے ہيں -

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ دوہزار چودہ میں شام میں داعش کے حملوں میں کم سے کم چھہتر ہزارشامی باشندے مارے گئے ہيں جن میں تین ہزار سے زیادہ بچے تھے - اقوام متحدہ نے شام میں جاری جنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شام میں پچھلے چار سال سے جاری جنگ میں دولاکھ سے زیادہ افراد مارے گئے ہيں -

.......

/169