13 جنوری 2015 - 13:32
تیل کی قیمتوں میں کمی سے سعودی عرب اور کویت کوایران سے زیادہ نقصان

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نےتیل کی قیمتوں میں کمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے سعودی عرب اور کویت کو ایران سے زیادہ نقصان ہوگا سعودی عرب کا 80 فیصد بجٹ تیل سے وابستہ ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نےتیل کی قیمتوں میں کمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے سعودی عرب اور کویت کو ایران سے کہیں زیادہ نقصان ہوگا سعودی عرب کا 80 فیصد بجٹ تیل سے وابستہ ہے۔

صدر حسن روحانی نے بوشہر میں ایک عظیم اجتماع سے خطاب میں عید میلادالنبی (ص) اور حضرت امام جعفر صادق (ع)کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ علم و دانش ، ہدایت، اخلاق، محبت، عقلانیت اور نیکی اور اچھائی کے راستے پر حرکت پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) اور حضرت امام جعفر صادق(ع) کے مکتب سے وابستہ ہے اور یہی مکتب انسانی فلاح و بہبود اور انسانی سرافرازی و سربلندی کا باعث ہے۔

صدرحسن روحانی نے کہا کہ پوری ایرانی قوم کا ہدف ایران کی پیشرفت اور ترقی پر استوار ہے اور ایرانی قوم پابندیوں کے باوجود اپنے اعلی اہداف کی جانب رواں دواں رہےگی۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت ایرانی قوم کو دباؤ اور اقتصادی پابندیوں کے نتیجے میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کرسکتی ہمارے ملک نے اقتصادی پابندیوں کے سائے میں خاطر خواہ ترقی حاصل کی ہے اور ہم ترقی اور پیشرفت کے اس سفر کو تمام مشکلات کے باوجود جاری و ساری رکھیں گے۔

انھوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کو کم کرنے کے پیچھے ایران کو اقتصادی چوٹ پہنچنے کی سازش کارفرما ہے لیکن اس کا نقصان انھیں ممالک کو ہوگا جنکا ہاتھ تیل کی قیمتیں کم کرنے کے پیچھے ہے انھوں نے کہا کہ سعودی عرب اور کویت کو تیل کی قیمت کم ہونے سے ایران سے کہیں زیادہ نقصان اٹھانا پڑےگا۔ کیونکہ سعودی عرب کا 80 فیصد بجٹ تیل سے وابستہ ہے اور ایران اپنے بجٹ کو تیل کی وابستگی سے مکمل طور پر الگ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

.......

/169