13 جنوری 2015 - 05:44
پیرس کی ریلی میں اسرائیلی وزیر اعظم کی شرکت پر نکتہ چینی

لبنان کی ترقی پسند سوشلسٹ پارٹی کے سربراہ نے فرانس میں دہشت گردی مخالف ریلی میں صہیونی حکومت کے وزیراعظم کی شرکت کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی ترقی پسند سوشلسٹ پارٹی کے سربراہ ولید جنبلاط نے، پیرس کی ریلی میں اسرائیلی وزیراعظم کی شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ لبنان، پیرس میں ہونے والی دہشت گردانہ کاروائی کی مذمت کرتا ہے اور اس سلسلے میں پیرس میں منعقدہ ریلی میں، اسرائیل کے جارح وزیر اعظم کی شرکت، علاقے اور خاص طور پر فلسطینی عوام کے غم و غصے کا باعث بنی ہے۔ ولید جنبلاط نے اسی طرح پیرس میں فلسطی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس کی شرکت پر بھی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بہتر تو یہ تھا کہ محمود عباس پیرس ریلی میں نتنیاہو کے ساتھ صف اول میں قدم سے قدم ملا کے چلنے کے بجائے، رام اللہ میں پیرس کے جارحانہ حملے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی مذمت میں مظاہرے کا انعقاد کراتے ۔ ولید جنبلاط نے مزید کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں اور عربوں کے خلاف بدترین مظالم اور بربریت انجام دی ہے لیکن عالمی برادری کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ انہوں نے طرابلس میں شیعہ آبادی والے علاقے جبل محسن کے دہشت گردانہ واقعے کی بھی مذمت کی جس میں گیارہ افراد جاں بحق اور پچاس دیگر زخمی ہوگئے تھے یہ دہشت گردانہ کاروائی ہفتے کی رات کی گئی تھی۔

.......

/169