8 جنوری 2015 - 10:02
فتنہ گر خود ہی اپنے جال میں پھنس جائیں گے: ظریف

اسلامی جمہوریۂ ایران کے وزیر خارجہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اختلاف اور تفرقہ اندازی کسی بھی مسلمان کے فائدے ميں نہيں ہے کہا کہ فتنہ گروں کو یہ جان لینا چاہئے کہ ایک نہ ایک دن وہ خود ہی اپنے بچھائے ہوئے جال ميں پھنس جائیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے تہران میں شام کے مفتی اعظم احمد بدرالدین حسون سے ملاقات میں، عالم اسلام میں مذہبی فتنوں کے خاتمے اور اسلام کے نورانی چہرے کو بگاڑ کر پیش کرنے والے گروہوں سے مقابلے میں، علماء کے اہم کردار پر تاکید کی۔ ظریف نے عالم اسلام کو درپیش مشترکہ خطرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان خطروں کے نقصانات کے متحمل مسلمان ہورہے ہیں ۔ شام کے مفتی اعظم نے بھی اس ملاقات میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد کو مستحکم کرنے میں اسلامی جمہوریۂ ایران کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریۂ ایران ہمیشہ سے حقیقی اسلام کا حامی رہا ہے ۔ شیخ حسون نے شام کی حکومت اور عوام کی حمایت میں ایران کی استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے جب یہ مشاہدہ کرلیا کہ اسلامی جمہوریۂ ایران نے سائنس و ٹکنالوجی ، صنعتی و نظامی شعبوں میں اعلی مقام حاصل کرلیا ہے تو انہوں نے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل، اور علاقے کے توازن کو درھم برھم کرنے کے لئے مذہبی فتنے کھڑے کردیئے۔

.......

/169