5 جنوری 2015 - 20:19
کابل میں خودکش حملہ، ایک ہلاک، پانچ زخمی

کابل میں ایک خودکش حملے میں ایک افغان شہری ہلاک ہو گیا جبکہ پانچ دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں یورپی پولیس تربیتی مشن کے ہیڈکواٹر کے قریب ایک خود کش حملہ آور نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایک افغان شہری ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔

طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ رواں سال میں افغانستان کے دارالحکومت میں کسی غیر ملکی ٹھکانے پر یہ پہلا بم حملہ ہے۔

یورپی پولیس مشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ کابل کے مشرقی علاقے میں پیر کو دوپہر کے وقت بارود سے بھری گاڑی میں سوار ڈرائیور نے گاڑیوں کے ایک قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی لیکن اس حملے میں گاڑی میں سوار لوگ محفوظ ہیں۔
کابل کے پولیس سربراہ نے ایک بیان میں بم دھماکے میں ایک عام شہری کے ہلاک ہونے اور پانچ دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اس کے علاوہ کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب بم دھماکہ بھی ہوا اس سے کسی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف امریکہ نے اپنی لڑائی مکمل ہونے کا اعلان کردیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ طالبان کے خلاف حملہ بھی نہیں کرے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169