5 جنوری 2015 - 19:51
آل خلیفہ صورتحال کو مزید پیچیدہ کر رہی ہے

بحرین کی جمعیت الوفاق نے ایک بیان میں شیخ سلمان کو حراست میں رکھے جانے کی مدّت بڑھائے جانے پر سخت خبردار کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جمعیت الوفاق نے پیر کے روز ایک بیان میں بحرین کی آل خلیفہ حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جمعیت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کو حراست میں رکھے جانے کی مدّت میں توسیع، جرم کے ارتکاب سے قبل کسی بےگناہ انسان کے قصاص کے مترادف ہے۔ جمعیت الوفاق نے اعلان کیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے، اس قسم کے اقدامات سے سیاسی صورت حال اور زیادہ پیچیدہ ہوگی جس سے بحران کے حل کے بھی، تمام راستے بند ہوجائیں گے جس سے بحرین کی نہ صرف سیاسی، بلکہ قانونی، سماجی اور اقتصادی صورت حال پر گہرے منفی اثرات مرّتب ہوں گے۔ جمعیت الوفاق نے اعلان کیا ہے کہ بحرین میں حکومت، جبتک اپنے مخالفین کے برحق مطالبات اور قانونی حقوق تسلیم نہیں کریگی اس کے خلاف پرامن احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری رہےگا۔ واضح رہے کہ بحرین میں اس ملک کے اٹارنی جنرل کی ہدایات پر جمعیت الوفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان کو مختلف بے بنیاد الزامات کے تحت حراست میں لے لیا گیا اور ان کی حراست کی مدّت میں دو ہفتے کی توسیع بھی کردی گئی ہے جس سے اس ملک کی سیاسی صورت حال اور زیادہ بحرانی ہوگئی ہے۔

.......

/169