اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے ایک بیان میں یمن میں عید میلادالنبی کے سلسلے میں ہونے والی ایک تقریب پر خود کش حملے کی مذمت کی اور ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کے اتحاد پر زور دیا۔
مرضیہ افخم نے کہا کہ ایران کو امید ہے کہ یمن کے باشعور و بافہم عوام دہشت گردی کی بیخ کنی کردیں گے۔
خیال رہے کہ بدھ کے روز یمن کے وسطی شہر اِب کے ایک ثقافتی مرکز میں عید میلادالنبی کے سلسلے میں ہونے والی ایک تقریب پر خود کش حملے کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد جاں بحق اور درجنوں دیگر زخمی ہو گئے۔
اِب کے ایک ثقافتی مرکز میں منقعدہ تقریب کا انعقاد حوثیوں نےکیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ عید میلادالنبی کے سلسلے میں ہونے والی تقریب میں سرکاری افسران کے علاوہ طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔
حملے میں 48 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں کئی عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق، خود کش حملہ آور مہمانوں کے ساتھ ثقافتی مرکز میں داخل ہوا اور ہال میں گھسنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔









