28 دسمبر 2014 - 18:58
طالبان کے حامیوں کو برقعوں میں نہیں چھپنے دینگے: علمائے اہلسنت پاکستان

اس موقع پر درگاہ چورہ شریف کے سجادہ نشین پیر سعادت علی شاہ نے کہا کہ طالبان اور انکے مددگار دونوں قومی مجرم ہیں، مولوی عبدالعزیز سمیت طالبان کے ہر حامی، ہمدرد اور معاون کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان سُنی تحریک کے تحت منعقدہ ’’علماء و مشائخ سیمینار‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے سُنی تحریک کے مرکزی رہنما شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہوچکا ہے۔ اگر آج دہشت گردوں کو شکست نہ دی گئی تو آنیوالی نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ حکومت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ دہشت گردی کے خلاف جاری قومی جہاد میں حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔ آرمی چیف حکم کریں لاکھوں سُنّی نوجوان جانیں نچھاور کرنے کیلئے تیار ہیں۔ نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم جماعتوں پر پابندی کا اصولی فیصلہ خوش آئند ہے، الیکشن کمیشن ایسی جماعتوں کی رجسٹریشن بھی منسوخ کرے۔ دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو خون میں نہلا کر بربریت کی انتہا کر دی۔ سانحہ پشاور کے ننھے شہیدوں کو گواہ بنا کر عہد کرتے ہیں کہ طالبان کے حامیوں کو برقعوں میں چھپنے نہیں دیں گے۔

حکومت فوج کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فری ہینڈ دے۔ فوجی عدالتوں کے ذریعے قاتلوں کو جلد سزائیں دے کر 50 ہزار سے زائد شہداء کے خون کا قصاص لیا جائے۔ 2015ء کو سرکاری سطح پر ’’فروغ امن‘‘ کا سال قرار دیا جائے۔ حکومت طالبان کے فکری توڑ کیلئے تمام مکاتب فکر کے جید علماء پر مشتمل بورڈ قائم کرے۔ دہشتگردی کے خاتمے کی قومی جنگ میں حکومت نے کوئی یوٹرن لیا تو پھر ہم اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہوں گے۔ حکمرانوں کو شہداء کے خون سے غداری نہیں کرنے دیں گے۔ درگاہ چورہ شریف کے سجادہ نشین پیر سعادت علی شاہ نے کہا کہ طالبان اور انکے مددگار دونوں قومی مجرم ہیں، مولوی عبدالعزیز سمیت طالبان کے ہر حامی، ہمدرد اور معاون کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلایا جائے اور اُن 10 فیصد مدارس کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے جو دہشت گردی میں ملوث ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲