20 دسمبر 2014 - 11:00
پشاور کا سانحہ پاکستان کا نائن الیون ہے: سرتاج عزیز

پاکستانی وزیراعظم نوازشریف کے خارجہ اور سلامتی امور کے مشیر سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پشاور میں آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کی جانب سے قتل عام پاکستان کا نائن الیون ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستانی وزیراعظم نوازشریف کے خارجہ اور سلامتی امور کے مشیر سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پشاور میں آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کی جانب سے قتل عام پاکستان کا نائن الیون ہے۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ اسکول پر دہشت گردی پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سفاکانہ کارروائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی اس کاروائی نے پورے پاکستانی معاشرے کو نہ صرف جڑوں سے ہلا کر رکھ دیا ہے بلکہ اس نے دہشت گردی کے خلاف نئی حکمت عملی اختیار کرنے کا دروازہ بھی کھول دیا ہے، جس طرح نائن الیوں نے امریکا اور پوری دنیا کو تبدیل کردیا تھا اسی طرح پشاور کا واقعہ پاکستان کا منی نائن الیون ثابت ہوا ہے جس نے پاکستان کو تبدیل کردیا ہے۔ وزیر اعظم کے سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ کچھ اچھے اور کچھ برے  طالبان کی سوچ مکمل طور پر ختم ہوگئی ہے لہذا حکومت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ طالبان ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں اور کسی ایک کے خلاف کارروائی دوسرے گروپ کو موقع دیتی ہے کہ وہ طاقتور ہوجائے جو کہ مستقبل کے لیے خطرہ بن جاتا ہے لہذا اس سوچ کو ہی ختم کردیا گیا ہے اور سب طالبان کو نشانہ بنانے کی پالیسی ہی مستقبل میں دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی ہوگی۔ ان کا کہنا تھاکہ دہشت گردی میں ملوث مجرموں کو پھانسی دینے کا آغاز کردیا گیا ہے لیکن اس راستے میں کچھ قانونی رکاوٹیں ہیں جنہیں دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور کچھ ایسی قانونی تبدیلیاں کی جارہی ہیں جس سے ٹرائل کا عمل جلد ممکن ہوسکے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲