19 دسمبر 2014 - 15:33
داعش کا مقابلہ کرنے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی ضرورت

عراق کے صوبہ الانبار کی کونسل کے سربراہ نے تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کا مقابلہ کرنے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران سے مدد طلب کی ہے

اہل بیت(ؑ) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے صوبہ الانبار کی کونسل کے سربراہ نے تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کا مقابلہ کرنے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران سے مدد طلب کی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق حمید الھایس نے آج کہا کہ صوبہ انبار کے قبیلوں کا ایک وفد عنقریب اسلامی جمہوریہ ایران کا سفر کرے گا اور چونکہ داعش کےخلاف امریکہ کا نام نہاد اتحاد سنجیدہ دکھائي نہيں دیتا اسی وجہ سے وہ ایران سے مدد طلب کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ الانبار کے قبیلوں کا وفد اسلامی جمہوریہ ایران سے سنی قبائل کو مسلح کرنے اور انٹلجنس امداد کی درخواست کرے گا نیز پناہ گزینوں کی مدد کرنے کی بھی اپیل کرے گا۔ حمید الھایس نے کہاکہ اس وفد میں قبیلوں کے دس عمائدین کے ساتھ ساتھ انٹلجنس ماہرین بھی ہونگے،انہوں نے کہاکہ ایرانی حکومت ہمارے دورے کے لئے آمادگي رکھتی ہے۔ ادھر اطلاعات ہیں کہ عراقی فورسز نے موصل بند پر داعش کے حملے کو ناکام بنادیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پیشمرگہ فور‎سز نے آج موصل بند کے پاس داعش کےحملے کو ناکام بناتے ہوئے دسیوں داعشیوں کو ہلاک کردیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق پیشمرگہ فورس نے شمالی عراق میں سجار کے پہاڑی علاقے کو بھی دہشتگردوں کے وجود سے پاک کردیا ہے۔ اس کاروائي میں داعش کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ادھر عوامی رضاکاروں اور پولیس و فوج کے جوانوں پر مشتمل جار ہزار افراد کا لشکر سامرا کی طرف بڑھنے کی تیاریاں کررہا ہے ۔ ادھر پریس ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ عراقی حکام نے اس خبر کی تصدیق کردی ہے کہ داعش کے سرغنے کا قریبی ساتھی ہلاک ہوگيا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲