19 دسمبر 2014 - 10:04
خیبر ایجنسی؛ آپریشن ضرب عضب میں شدت، 42 دھشتگرد ہلاک

پاکستانی فوج نے خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں میں زمینی کاروائی کے دوران مجموعی طور پر 42 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پشاور میں طالبان کے حالیہ حملے میں درجنوں بچوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور قبائلی علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کاروائیوں میں تیزی آئی ہے اور حکام کے مطابق چھ مختلف کاروائیوں میں کم از کم 49 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
یہ کاروائیاں گذشتہ بارہ گھنٹے کے دوران قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کے علاوہ سندھ کے دارالحکومت کراچی، بلوچستان کے ضلع زیارت اور پنجاب کے شہر لالہ موسیٰ میں ہوئیں۔
پاکستانی فوج نے خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں میں زمینی کاروائی کے دوران مجموعی طور پر 42 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں وادی تیراہ میں ورماگئی اور سپرکوٹ میں ہوئیں جہاں سکیورٹی فورسز نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد کی جانب جانے والے شدت پسندوں کے گروپوں کو نشانہ بنایا۔
نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کا کہنا ہے کہ فوج کے مطابق دونوں مقامات پر ہونے والی جھڑپوں میں 32 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ تین سکیورٹی اہلکار بھی فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوگئے۔
اس سے قبل حکام نے خیبر ایجنسی میں ہی جاری فوجی آپریشن کے دوران دس دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔
ریڈیو پاکستان نے فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ شدت پسند بھی ایک زمینی کارروائی میں مارے گئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایک سینیئر فوجی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ کارروائی جمعرات کی شام ملک شگہ نلہ کے علاقے میں کی گئی اور اس آپریشن میں دو شدت پسند اور دو سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲