7 دسمبر 2014 - 12:30
ایران کی جوہری سرگرمیاں کبھی بند نہیں ہوسکتیں

ایران کے، ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے کہا ہے کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات اور ایٹمی سرگرمیوں کے معائنے کا عمل جاری ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے، ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے کہا ہے کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات اور ایٹمی سرگرمیوں کے معائنے کا عمل جاری ہے۔ انھوں نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے جامع جوہری سمجھوتے کے حصول کیلئے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کی مدّت میں آئندہ سال یکم جولائی تک توسیع کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات کے معائنے کا عمل اور یورینیم کی افزودگی کی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں اور جوہری تحقیقات کا عمل بھی بدستور جاری رہے گا۔دوسری جانب ایران کے ایک ایٹمی مذاکراتکار اور قانونی امور میں ایران کے وزیرخارجہ کے مشیر داؤد محمدنیا نے کہا ہے کہ ایران کو زبردستی جوہری سرگرمیاں بند کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔انھوں نے کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام بند کرانے کیلئے نہ کبھی کوئی کوشش کامیاب ہوئی ہے اور نہ آئندہ کوئی کوشش کامیاب ہوسکے گی۔ انھوں نے ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام آئی اے ای اے کی نگرانی میں رہا ہے اور وہ، این پی ٹی کا رکن ملک بھی ہے اسلئے جوہری امور میں ایران کی پرامن تحقیقات، بدستور جاری رہیں گی۔

.......

/169