3 دسمبر 2014 - 15:59
عراقی حکومت نے بے گناہ قیدیوں کی رہائی کے احکامات صادر کر دئے

عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے ان تمام قیدیوں کی فوری رہائی کی ہدایات جاری کردی ہیں جو کسی قانونی کاروائی کے بغیر گرفتار کئے گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے ان تمام قیدیوں کی فوری رہائی کی ہدایات جاری کردی ہیں جو کسی قانونی کاروائی کے بغیر گرفتار کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے ان قیدیوں کی رہائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان قیدیوں کو بھی ایک مہینے کے اندر رہا کردیا جائے کہ عدالت کی جانب سے جن کی رہائی کے فیصلے سنائے گئے ہیں۔ عراق کی وزارت عظمی کے دفتر سے جاری کئے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم حیدر العبادی نے اسی طرح گرفتاریوں کے حوالے سے کچھ اصول وضع کئے جانے کی ضرورت پر بھی تاکید کی ہے اور کہا ہے کہ قانونی کاروائی کے بغیر کسی کو گرفتار نہیں کیاجانا چاہیئے۔ دوسری جانب حکومت عراق نے اپنے ملک کے بجٹ خسارے کی تلافی کیلئے، کابینہ میں شامل وزراء اور ملک کے اعلی ترین عہدوں پر فائز شخصیات کی تنخواہیں پچاس فیصد تک کم کئے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا اعلان، عراق کے نائب وزیراعظم بہاء الاعرجی نے ایک بیان میں کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲