27 نومبر 2014 - 11:34
 پاکستان میں داعش کی سرگرمیوں کے ثبوت فراہم کرسکتا ہوں:ملک

پاکستان کے سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے دعوی کیا ہے کہ وہ دہشتگرد گروہ داعش کی پاکستان کے مختلف علاقوں میں موجودگی کے حوالے سے دستاویزی ثبوت فراہم کرسکتے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف داعش کی مختلف ملکوں میں سرگرمیوں پر عالمی برادری کو آگاہ کریں، اور اس کے لئے بہترین فورم سارک کا سربراہی اجلاس ہے، تاکہ اس علاقائی تنظیم کے رکن ممالک داعش کی سرگرمیوں کے حوالے سے انٹیلیجنس معلومات کے تبادلہ پر غور کریں۔

انہوں نے کہا، میرے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ داعش نے تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ رابطہ قائم کرلیا ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ دہشتگرد گروہ داعش جلد طالبان رہنماؤں میں سے کسی کو پاکستان میں اپنا سربراہ نامزد کردے۔  رحمان ملک نے اس خطرے پر پاکستان مسلم لیگ نواز کی حکومت کے ردعمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت داعش کے دہشت گردوں کو روکنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کررہی، انہوں نے وزیراعظم نواز شریف پر زور دیا کہ داعش کو ملک میں جڑیں مضبوط کرنے سے روکا جائے اور اس حوالے سے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جائے۔

.......

/169