اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبۂ دیالہ کے فوجی کمانڈر عبدالامیر الزیدی نے جمعرات کے روز کہا کہ صوبۂ دیالہ کے علاقے سدالعظیم میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے آخری ٹھکانے پر بھی سرکاری فورسز نے کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور اس کارروائي میں دہشت گردوں کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں سعودی عرب، مصر اور جرمنی کے باشندے بھی شامل ہیں۔ عبدالامیر الزیدی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہونے والی کارروائي میں دیالہ، تکریت اور کرکوک کے درمیان داعش کو ملنے والی ہر قسم کی امداد کے راستے بھی بند ہوگئے ہیں نیز علاقے میں پانی کا کنٹرول بھی فوج اور رضاکاروں کے ہاتھ میں آگیا ہے۔ دریں اثنا عراق کے صوبۂ الانبار کے ہیت علاقے کی خصوصی فوج کے کمانڈر شعبان العبیدی نے کہا ہے کہ علاقے میں ہزاروں عوامی رضاکاروں کے فوج کے ساتھ ملنے اور داعش گروہ کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملوں میں شدت کی وجہ سے داعش کے کئي سرغنے ہیت علاقے سے فرار ہوگئے ہیں۔ ادھر عراق کے سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ عراقی فوج کے ہوائي حملوں کے نتیجے میں کرکوک اور الانبار علاقوں میں 28 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ صوبۂ صلاح الدین میں بیجی آئل ریفائنری کی محافظ فورسز کے کمانڈر علی القریشی نے کہا ہے کہ داعش کے خلاف فوج اور عوامی رضا کاروں کی کارروائي کے نتیجے میں اس آئل ریفائنری کا محاصرہ پوری طرح سے ختم ہوگيا ہے۔ بیجی آئل ریفائنری عراق کی سب سے بڑی آئل ریفائنری ہے۔
.......
/169